ماہرین کی جانب سے انفیکشن کے پھیلائوکے انتباہات کی وجہ سے سیاسی جماعتوں نے اپنی انتخابی مہم روک دی
نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلا کے باعث دنیا بھر میں انفیکشنز کی تعداد ایکدم سے عروج پر پہنچ گئی ہے جس کے باعث ہزاروں پروازوں کی منسوخی اور پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے۔غیر ملکی خبررساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں اومیکرون ویرینٹ کے باعث صرف 2 روز میں مصدقہ کیسز کی تعداد 3 گنا بڑھ گئی جس کے پیشِ نظر مہاراشٹرا میں آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں ریلیاں منسوخ کردی گئیں۔
متعدد شہروں میں کورونا کے سلسلے میں کرفیو کے نفاذ اور ماہرین کی جانب سے انفیکشن کے پھیلائوکے انتباہات کی وجہ سے سیاسی جماعتوں نے اپنی انتخابی مہم روک دی ۔اس کے علاوہ متعدد ریاستوں میں تعلیمی ادارے بند، دفاتر میں عملے کی حاضری، ٹرانسپورٹ میں مسافروں اور بند احاطے میں تقریبات میں شرکت کرنے والے افرادکی تعداد محدود کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس بھارت میں ڈیلٹا ویرینٹ کے بدترین پھیلا کے سبب 2 لاکھ سے زائد افراد لقمہ اجل بنے تھے، ہسپتالوں میں گنجائش ختم ہوگئی تھی اور شمشان گھاٹوں کے دلسوز مناظر سامنے آئے تھے۔تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں کورونا کیسز میں ایک دم بڑا اضافہ دیکھا گیا اور 90 ہزار 928 کووڈ کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 325 افراد انتقال کر گئے۔