سڈنی: (سپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا نے کورونا کے سخت قوانین کو پورا نہ کرنے پر عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کر کے انہیں ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نوواک جوکووچ آسٹریلیا کے سخت ترین کورونا قوانین کی زد میں آ گئے، جوکووچ سے میلبرن ائیر پورٹ پر ویزے کی حیثیت اورویکسین سے استثنیٰ کے ثبوت کے بارے میں 8 گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی۔
ائیر پورٹ حکام نے سربین ٹینس سٹار کو ویکسین سے استثنیٰ اور غلط ویزا کی بنیاد پر ملک میں داخلے سے روک دیا۔ جوکووچ کو ویکسی نیشن قوانین سے مستثنیٰ ہونے کے بعد آسٹریلین اوپن میں شرکت کے لیے میلبرن پہنچے تھے۔
آسٹریلوی وزیر اعظم سکاٹ موریسن کا کہنا ہے کہ قانون، قانون ہے۔ خاص طور پر جب ہماری سرحدوں کی بات آتی ہے، کوئی بھی ان قواعد سے بالاتر نہیں ہے۔
دوسری جانب سربیا کے صدر آسٹریلیا پر برس پڑے، ٹینس سٹار کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی قوانین کے تحت جوکووچ کو انصاف دلانے کے لیے لڑیں گے۔