لاہور(سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹر کامران اکمل نے بنگلادیش کو نیوزی لینڈ کے خلاف تاریخی جیت پر مبارک با د دی ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے اپنے پیغام میں کامران اکمل نے بنگلادیش کرکٹ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے دنیا کی بہترین ٹیسٹ ٹیم کے خلاف تاریخی فتح حاصل کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش نے نیوزی لینڈ کو اس کی سرزمین پر مات دی تھی۔
ماونٹ منگنوئی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں بنگلا دیشی ٹیم نے میزبان ٹیم کے خلاف 8 وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی، بنگال ٹائیگرز نے نیوزی لینڈ میں پہلی مرتبہ اور ہوم گرائونڈ سے باہر چھٹی مرتبہ کوئی ٹیسٹ جیتا ہے۔ٹیسٹ میچ کی یہ جیت اس لیے بھی تاریخی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ 10 سال بعد پہلی مرتبہ کسی ایشین ٹیم نے نیوزی لینڈ میں کوئی ٹیسٹ جیتا ہے، اس سے قبل پاکستان نے جنوری 2011 میں ہملٹن ٹیسٹ جیتا تھا۔