تھیٹر میں ہونیوالی خرابیوں کا فوری تدارک کرنے کی ضرورت ہے ‘ سینئر اداکارہ کی گفتگو
لاہور (شوبزڈیسک ) سینئر اداکارہ ثمینہ احمد نے کہا ہے کہ اصل اسٹیج ڈرامہ بے معنی جگت بازی اور رقص کے نام پر اچھل کود سے کہیں گم ہو گیا ہے اگر یہ کہا جائے کہ اب اسٹیج ڈرامے کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دیا جارہا ہے تو یہ غلط نہ ہوگا ۔ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ آج سے بیس ،پچیس سال قبل جب ہم نے تھیٹر میں کام کیا تو اس وقت بہترین اسٹیج ڈرامہ پیش کیا جاتا تھا اور معاشرے کے سلجھے ہوئے لوگ ڈرامہ دیکھنے کے لئے آتے تھے جن میں فیملیز کی بڑی تعداد ہوتی تھی ۔
افسوس آج کچھ مفاد پرستوں نے پیسے کی حوس میں اصل اسٹیج ڈرامے کا حسن داغدار کر دیا ہے ،اب ڈرامے کے نام پر کچھ اور ہی پیش کیا جا رہا ہے ۔ ثمینہ احمد نے کہا کہ اگر ابھی سے ہم نے تھیٹر میں ہونے والی خرابیوں کا تدارک نہ کیا تو اس میں ایسا بیگاڑ آئے گا کہ تو لوگ اسٹیج ڈرامہ دیکھنا ہی چھوڑ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میری ان تمام سینئر رائٹروں اور ڈائریکٹروں سے اپیل ہے جو اسٹیج ڈرامے کو چھوڑ چکے ہیں وہ واپس آکر اپنے ہاتھوں کے لگائے ہوئے پودوں کی حفاظت کریں بصور ت دیگر ہمارے پا س سوائے پچھتاوے کے کچھ نہیں بچے گا۔