ملیر سٹی پولیس نے بہاولپور سے اغوا کر کے لائی گئیں 2 سگی بہنوں سے متعلق تفصیلات بتا دیں
کراچی (کرائم ڈیسک) : پنجاب کے ضلع بہاولپور کے شہر خیرپور ٹامیوالی سے اغوا کی جانے والی دو بہنیں ملیر کورٹ کے باہر سے مل گئیں ، ان کے اغوا سے متعلق ملیر سٹی پولیس نے بیان جاری کرد یا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او ملیر سٹی چوہدری اسلم نے بتایا کہ بازیاب کرائی گئی دونوں بہنوں 18 سالہ عائشہ اور اس کی چھوٹی بہن 17 سالہ طاہرہ دختر سلطان احمد کو علاقے میں واقع پاپولر پلازہ سے مدد گار 15 پولیس پر کی جانے والی کال پر بازیاب کروایا گیا ہے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں بہنوں کو نکاح کی غرض سے کراچی لایا گیا تھا جبکہ مذکورہ واقعہ خاندانی تنازعہ معلوم ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ دونوں لڑکیوں کے اغوا کا مقدمہ متعلقہ تھانہ خیرپور ٹامیوالی میں درج ہے، مقدمہ لڑکیوں کے والد سلمان احمد کی جانب سے درج کروایا گیا تھا اور مقدمے میں اپنے بیٹے کے برادر نسبتی لیاقت اور اس کی بیوی کو نامزد کیا تھا۔
کراچی پولیس نے دونوں لڑکیاں ملنے کی اطلاع خیرپور ٹامیوالی پولیس کو کردی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل گذشتہ برس اگست میں بھی لاہور لاہور کے علاقے ہنجروال سے پُراسرار طور پر لاپتہ ہونے والی چار کم عمر بچیوں کو ساہیوال پولیس نے چھ روز بعد بازیاب کروایا تھا۔ 30 جولائی کو ہنجروال کے علاقے نمبرداراں والا چوک سے تعلق رکھنے والی آٹھ، دس، گیارہ اور چودہ سالہ بچیوں نے ’گھریلو حالات سے دلبرداشتہ‘ ہو کر گھر چھوڑ دیا تھا۔
بعد ازاں 15 پر ایک کال موصول ہوئی جس میں چار کم عمر بچیوں کے بارے میں اطلاع دی گئی۔ ایس ایچ او کے مطابق ہم فوری طور پر اس جگہ پر پہنچے اور ان بچیوں کو اپنی تحویل میں لیا اور پھر بعد میں ان سے بات چیت کے نتیجے میں پتہ چلا کہ یہ بچیاں لاہور سے یہاں پہنچی ہیں اور لاہور پولیس بھی انہیں ڈھونڈ رہی ہیں۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں بچوں اور بچیوں کے اغوا اور ان سے زیادتی کے کیسز میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے۔