شاہد آفریدی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ان ایکشن ہوں گے

پی ایس ایل 7 سے قبل ہونے والے چیریٹی میچ میں آفریدی گلیڈی ایٹرز کے خلاف ایکشن میں نظر آئیں گے

کراچی (سپورٹس ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ 7 (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بننے والے شاہد خان آفریدی اپنی ہی ٹیم کیخلاف ایکشن میں نظر آئیں گے۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں 15 جنوری کو عطیات جمع کرنے کے حوالے سے کرکٹرز اور شوبز سٹارز کی ٹیموں کے درمیان فلڈ لائٹ میچ کھیلا جائے گا۔ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اشتراک سے کھیلے جانے والے میچ میں قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جبکہ شاہد آفریدی اپنی فاؤنڈیشن کی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

دوستانہ میچ میں عمر اکمل، سہیل تنویر اور سابق عالمی سکواش چیمپئن جہانگیر خان جبکہ معرف شوبز سٹارز سمیت دیگر شخصیات بھی حصہ لیں گی۔ واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ کے 7ویں ایڈیشن میں شاہد خان آفریدی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے نظر آئیں گے۔ یہ بھی یاد رہے کہ 41 سالہ شاہد آفریدی نے پی ایس ایل 7 کے بعد ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے گذشتہ سیزن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرتے ہوئے 4 میچز میں صرف 3 رنز بنائے اور 2 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں