انٹرنیشنل باکسر عثمان وزیر کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو پروگرام کے ایمبیسیڈر بن گئے ہیں۔
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار سے ورلڈ باکسنگ کونسل مڈل ایسٹ چیمپیئن عثمان وزیر نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں عثمان ڈار نے باکسر عثمان وزیر کو انکی شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عثمان وزیر کامیاب جوان سپورٹس ڈائیو پروگرام میں ہمارے باکسنگ ایمبیسیڈر ہونگے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ عثمان وزیر نے ایشین ٹائٹل کے بعد اب ورلڈ باکسنگ کونسل مڈل ایسٹ ٹائٹل بھی جیت کر کمال کر دیا، کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو پروگرام کے تحت ہر باصلاحیت کھلاڑی کو سپورٹ کرے گا تاکہ وہ عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ عثمان وزیر جیسے نوجوان پاکستان کا فخر ہیں، کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو پروگرام میں ہمیں عثمان وزیر جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش ہے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ حکومت اور عوام عثمان وزیر جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی پشت پر کھڑی ہے، عثمان وزیر کا اگلا ٹارگٹ یوتھ ورلڈ ٹائٹل ہے جس کے لئے انہیں مکمل سپورٹ کریں گے۔