نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ؛ بنگلا دیش نئی تاریخ رقم کرنے کو تیار

اوول(سپورٹس ڈیسک)نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں بنگلا دیش کی فتح کے امکان روشن ہوگئے ہیں۔

بے اوول گراؤنڈ میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بنگلا دیش نے اپنی نامکمل اننگز شروع کی تو اس کا اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز تھا اور ایسا لگ رہا تھا کہ بنگلا دیش آسانی نے 500 رنز بنالے گا۔
میچ کا پہلا سیشن کیوی بولرز کے نام رہا اور لنچ سے پہلے ہی انہوں نے بنگلا دیش کی ٹیم کو 458 رنز پر لپیٹ دیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 4، واگنر نے 3 ، ٹم ساؤتھی نے 2 جب کہ کائل جیمیسن نے ایک وکٹ لی۔
مزید پڑھیے: بنگلا دیش کا ٹیسٹ اسٹیٹس ملنے کے 22 سال بعد اہم سنگ میل
نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز
نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 130 رنز کے خسارے کے ساتھ شروع کی۔
ٹام لیتھم اور ول ینگ نے نیوزی لینڈ کی دوسری باری کی شروعات کی، 29 کے اسکور پر لیتھم آؤٹ ہوگئے۔
ینگ نے ڈیون کانوے کے ہمراہ اسکور کو آگے بڑھایا اور مجموعی اسکور کو 63 تک لے گئے۔ اس موقع پر کانوے کو عبادت حسین نے آؤٹ کردیا۔
ینگ نے تجربے کار بلے باز روس ٹیلر کے ہمراہ نیوزی لینڈ کو بحران سے نکالنے کی کوششیں شروع کردیں، دونوں نے 73رنز کی شراکت قائم کی۔
136 کے مجموعی اسکور پر ینگ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
ینگ کے جانے کے بعد نیوزی لینڈ کا مڈل آرڈر ڈگمگا گیا، 136 کے اسکور پر ہی ہینری نکولس اور ٹام بلنڈیل بھی چلتے بنے۔
کھیل کے ختم ہونے تک نیوزی لینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنالئے ہیں۔ اسے بنگلا دیش پر صرف 17 رنز کی برتری حاصل ہے۔
بنگلا دیش کے لیے میچ کا پانچواں اور آخری دن انتہائی اہم ہوگیا ہے۔ نیوزی لینڈ کو جلد آؤٹ کرنے کی صورت میں بنگلا دیش میچ جیت سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں