کورونا نے بالی ووڈ ولن کو بھی نہ بخشا، پریم چوپڑا اور اہلیہ بھی شکار

ممبئی(شوبز ڈیسک)کورونا نے بالی ووڈ ولن کو بھی نہ بخشا، پریم چوپڑا اور ان کی اہلیہ اوما بھی کورونا کا شکار ہوگئے۔1973 میں آئی فلم ’’بوبی‘‘ میں بولا گیا ڈائیلاگ ’’پریم نام ہے میرا، پریم چوپڑا‘‘ مداحوں کے ذہنوں میں آج بھی تازہ ہے۔پریم چوپڑا بنیادی طور پر بالی ووڈ کی فلموں میں ’’ولن‘‘ کا کردار ادا کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔

چھ دہائیوں پر محیط کیریئر میں پریم نے 350 سے زیادہ فلموں میں کام کیا۔ انہوں نے اپنے سلور اسکرین کی شروعات 1960 کی پنجابی فلم ’’چوہدری کرنیل سنگھ‘‘ سے کی۔پریم چوپڑا کی چند مشہور فلموں میں ’’شہید‘‘، ’’سکندر اعظم‘‘، ’’کنواری‘‘، ’’دو راستے‘‘، ’’پورب اور پچھم‘‘، ’’کٹی پتنگ‘‘، ’’قیمت‘‘، ’’اجنبی‘‘، ’’سوتن‘‘، ’’دوستانہ‘‘، ’’کرانتی‘‘ اور دیگر شامل ہیں۔

پریم چوپڑا ان دنوں اپنی اہلیہ اوما چوپڑا کے ہمراہ اسپتال میں ہیں کیوں کہ عالمی وباء کورونا نے انہیں بھی نہیں چھوڑا۔بالی ووڈ اداکار پریم چوپڑا اور ان کی اہلیہ اوما چوپڑا کا کوویڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس پر انہیں لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ڈاکٹر نے کہا کہ بزرگ جوڑا کافی بہتر ہے اور وہ اب تک علاج کا مثبت جواب دے رہے ہیں تاہم پریم اور اوما دونوں کو ممکنہ طور پر ایک یا دو دن میں فارغ کر دیا جائے گا۔کئی دیگر مشہور شخصیات بھی حال ہی میں کورونا کا شکار ہوئے ہیں اداکار جان ابراہم اور ان کی اہلیہ پریا رنچل اور بالی ووڈ کی معروف پروڈیوسر ایکتا کپور نے سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کو اپنے کوویڈ 19 کی تشخیص کے بارے میں آگاہ کیا۔جان نے لکھا میں 3 دن پہلے کسی ایسے شخص سے رابطہ میں آیا تھا جس کے بارے میں مجھے بعد میں معلوم ہوا کہ وہ کووڈ ہے۔

پریا اور میں نے کورونا کے لیے ٹیسٹ کروائے جو مثبت آئے تاہم ہمیں گھر میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے اس لیے کسی اور کے ساتھ رابطہ نہیں رہا، ہم دونوں ویکسین شدہ ہیں اور ہلکی علامات کا سامنا کر رہے ہیں۔ایکتا کپور نے کہا کہ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے باوجود میرا کوویڈ کا مثبت ٹیسٹ آیا۔ایکتا نے کہا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں اور میں ہر اس شخص سے درخواست کرتی ہوں جو مجھ سے رابطے میں آئے ہیں براہ کرم اپنا ٹیسٹ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں