نوازشریف کوڈیل ملنی ہے نہ ڈھیل،کوٹ لکھپت جیل انتظارکررہی ہے

مریم نواز کی خاموشی معنی خیز ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور

لاہور (نیوز ڈیسک) : ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کے خلاف چالان آچکا ہے۔ شہبازشریف اپنی کرپشن کا جواب کب دیں گے؟ مریم نوازکی خاموشی معنی خیزہے۔ پیپلز پارٹی لاڑکانہ تک محدود ہوچکی اپوزیشن مارچ میں بھی مارچ نہیں کر پائے گی۔ مریم نواز کے سکرپٹ کی عوام کو اب سمجھ آچکی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا کہ پنجاب حکومت 4 نئے ڈیم بنا رہی ہے، صوبے میں 70 فیصد لوگوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے، پنجاب بھر کو صحت کارڈ دینے جا رہے ہیں، سندھ حکومت نے عوام کو اس سہولت سے محروم رکھا، آئندہ انتخابات میں سندھ کے عوام پیپلزپارٹی سے انتقام لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 70فیصد افرادکو کورونا ویکسین لگائی جاچکی۔

پنجاب بھرکوصحت کارڈدینےجارہےہیں۔ صحت کارڈ سے لوگوں کو علاج کے لیے مالی معاونت فراہم ہوگی۔ جبکہ نواز شریف سے متعلق انہوں نے کہا کہ کوٹ لکھپت جیل نواز شریف کا انتظار کر رہی ہے، ان کو ڈیل ملنی ہے نہ ڈھیل۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز حکومت نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے خلاف عدالت جانے کا اعلان بھی کیا تھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو علاج کی غرض سے لندن بھیجے جانے کے عدالتی فیصلے میں شہباز شریف کی جانب سے ایک بیان حلفی جمع کرایا گیا تھا ، جس میں انہوں نے اپنے بھائی کی پاکستان واپس آنے سے متعلق ضمانت دی تھی ، جس کی بنیاد پر حکومت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ، جس کے لیے حکومت کی طرف سے شہباز شریف کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عدالت عالیہ کو اس معاملے میں ازخود نوٹس لیتے ہوئے شہباز شریف کو طلب کرنا چاہیئے تھا لیکن ابھی تک لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے اس معاملے پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ، اس لیے وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں مسلم لیگ ن کے صدر کے خلاف عدالتی کارروائی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں