راولپنڈی(کرائم ڈیسک) اے این ایف انٹیلی جنس اور اے این ایف اسلام آباد نے لاہور موٹروے ٹول پلازہ کے قریب مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دورانِ تلاشی گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات،اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کر کے2 ملزمان کو گرفتار لیا۔اے این ایف کی جانب سے لاہور موٹروے ٹول پلازہ کے قریب گاڑی روکی گئی جس پر ملزمان نے گاڑی اندر سے لاک کر لی۔
مزاحمت پر اے این ایف ٹیم نے شیشہ توڑ کرگاڑی میں سوار 2ملزمان پشاور کے رہائشی عمران خان اور شاہد زمان کو گرفتار کر لیا اور 46.8 کلوگرام چرس،49.2 کلوگرام افیون ،30 عدد 30 بور پستول، 24 عدد 9ایم ایم پستول ،6 عدد 30 بور ایم پی فائیو، 6 عدد کلاشنکوف، 2 عدد ریپیٹر، 4 عدد ایم فور بندوقیں اور 8 عدد 12 بور بندوقیں برآمد کر لیں۔ دونوں ملزمان اور منشیات و اسلحے کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔