بیوی نے 9 بچوں کے باپ کو بےدردی سے قتل کر دیا

خاتون نے شوہر کو پہلے سر پر ڈنڈا مارا، پیٹ میں کانچ مارنے کے بعد گلا دبا کر قتل کر دیا

کراچی (کرائم ڈیسک) : کراچی میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں پر خاتون نے 9 بچوں کے باپ اور اپنے خاوند کو قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق شاہ فیصل کالونی نمبر 3 میں شوہر کو قتل کرنے کے الزام میں خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق خاتون نے شوہر لیاقت کو پہلے سر پر ڈنڈا مارا، اس کے بعد پیٹ میں کانچ مارا اور بعدازاں گلا دبا کر قتل کر دیا، واقعہ گھریلو جھگڑے کے دوران پیش آیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ مقتول اور ملزمہ کے 9 بچے ہیں۔پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ قتل میں خاتون کے ساتھ کوئی مرد بھی ملوث ہے تاہم واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب فیصل آباد میں جائیداد کے تنازع پر پاکستانی نژاد جرمن شہری کو بھائیوں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، فیصل آباد کے علاقے سمن آباد میں پاکستانی نڑاد جرمن شہری گل ربان جائیداد کا معاملہ حل کرنے کیلئے تقریباً تین ماہ قبل پاکستان آیا تھا، جسے اس کے بھائیوں اور بھتیجوں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق پچاس سالہ مقتول کے بڑے بھائی عبدالمنان نے ایف آئی آر میں 6 افراد کو نامزد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مقتول اپنے بھائیوں قمر زمان، رضوان خان، عمران خان کے بلانے پر وراثتی دکان کا تنازع حل کرانے کیلئے گیا جسے مذکورہ تینوں ملزمان نے عمران خان کے بیٹوں عثمان، زین اور ایک ساتھی حسنین کے ساتھ مل کر قتل کردیا۔عبدالمنان نے بتایا کہ واقعے کے مطابق ہفتہ کی شام جب گل رٴْبان اور میں وراثتی دکان پر پہنچے تو مذکورہ ملزمان جو پہلے سے مسلح تھے، نے فائرنگ کردی، واقعے میں گل رٴْبان کو 2 گولیاں لگیں جبکہ ایک راہگیر بھی دو گولیاں لگنے سے زخمی ہوا، مقتول پر ملزمان نے زخمی حالت میں تشدد بھی کیا جو بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں