رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ برآمدات میں مجموعی طور پر 25 فیصد اضافہ

اسلام آباد: (کامرس ڈییسک) وزارت تجارت حکام کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ برآمدات میں مجموعی طور پر 25 فیصد اضافہ ہوا، پہلی ششماہی میں برآمدات 15 ارب 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالررہیں۔

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کی زیر صدارت بیرونی تجارت کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزارت تجارت حکام نے تجارتی اعداد و شمار پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں 15 ارب ڈالر برآمدات کا ہدف حاصل کیا گیا ہے۔

دسمبر میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں برآمدات میں 16.7 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ دسمبرمیں برآمدات 2 ارب 76 کروڑ 10 لاکھ ڈالررہیں جبکہ گزشتہ سال دسمبر میں کل برآمدات 2 ارب 36 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھیں، گزشتہ سال دسمبر کے مقابلے میں رواں مالی سال برآمدات میں 40 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا۔ حکام کے مطابق رواں مالی سال دسمبر میں برآمدات کا ہدف 2 ارب 80 کروڑ ڈالر تھا۔

مشیرتجارت کو بتایا گیا کہ ایک سال میں مچھلی اور متعلقہ مصنوعات، پلاسٹکس، سیمنٹ، پھل اور سبزیوں کی برآمدات میں اضافہ ہوا، حکام کے مطابق بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، سری لنکا، ملائیشیا، قازقستان اور جنوبی کوریا کو برآمدات میں اضافہ ہوا۔

مردانہ گارمنٹس، ہوم ٹیکسٹائل، چاول، خواتین کے گارمنٹس، جرسی اور ٹی شرٹ کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوا، روایتی مارکیٹوں میں امریکہ، چین، نیدرزلینڈ اور سپین کو برآمدات میں اضافہ ہوا اور برطانیہ، جرمنی، افغانستان، روس، انڈونیشیا اور چیک ریپبلک کو برآمدات میں کمی ہوئی، مشیر تجارت نے وزارت تجارت کو برآمدات میں اضافہ برقرار رکھنے اور نگرانی کی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں