دنیا میں حکومتیں خوشی کے تہواروں پراشیاء سستی کرتی ہیں عمران نیازی نے مہنگائی کا بم گرا دیا۔ شہباز شریف
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : مسلم لیگ ن کے صدرشہبازشریف نے کہا کہ نئے سال پر پٹرول بم گرانے سے بہتر تھا کہ عمران نیازی استعفٰی دے دیتے۔ تفصیلات کے مطابق شہبازشریف نے نئے سال پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نئے سال پر پٹرول بم پھینکنے سے بہتر تھا کہ عمران نیازی استعفٰی دے دیتے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں حکومتیں خوشی کے تہواروں پراشیاء سستی کرتی ہیں، عمران نیازی نے مہنگائی کا بم گرا دیا۔ پی ٹی آئی حکومت کو عوام کی سال نو پر خوشی بھی برداشت نہیں ہوئی۔ شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت کا دوسرا نام ظلم، استحصال اور بے حسی ہے۔ عمران نیازی اپنی حماقتوں کی سزا قوم کونہ دیں۔
عوام کو زندہ درگور کرنے کے بجائے عمران نیازی مستعفی ہوجائیں۔
نئے سال میں قوم کو مہنگائی، معاشی تباہی اور بے روزگاری سے بچانے کے لئے ظالم حکومت سے نجات پانا ہوگی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے نیا سال قوم کو مہنگائی، بدانتظامی، معاشی بربادی، بھوک، بیماری، ظلم و ناانصافی کے عذابوں سے نجات کی شروعات کا سال بن جائے۔ خیال رہے کہ نئے سال کا “تحفہ”، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات مہنگی کر دیں، فی لیٹر پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 15 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 95 پیسے اضافہ کر دیا گیا۔
وزارت خزانہ نے یکم جنوری 2022 سے تمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت خزانہ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق فی لیٹر پٹرول 4 روپے اضافے سے 144 روپے 82 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی 4 روپے اضافے سے 141.62 روپے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 15 پیسے اضافے سے 111 روپے 21 پیسے جبکہ مٹی کا تیل 3 روپے 95 پیسے اضافے سے 113 روپے 49 پیسے ہو گیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاع رات 12 بجے سے کر دیا گیا، قیمتیں اگلے 15 روپے کیلئے طے کی گئی ہیں۔
اس سے قبل اوگرا نے یکم جنوری سے ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا تھا۔ اوگرا نے جنوری کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 90 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔ جس کے بعد ایل پی جی کی فی کلو کی نئی قیمت 196 روپے 67 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔ایل پی جی کا 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 69 روپے 63 پیسے سستا ہوگیا ہے، ایل پی جی کی قیمت میں کمی کے بعد گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2320 روپے 81 پیسے مقررکردی گئی ہے۔ ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری 2022ء سے کیا گیا۔