رواں سال کورونا کو شکست دے دیں گے، ڈبلیو ایچ او

جینوا(انٹرنیشنل ڈیسک) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس نے کہا ہے کہ 2022 میں کورونا وائرس کو شکست دے دیں گے۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق سال نو کے موقع پر ڈبلیو ایچ اوکے سربراہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر ممالک کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے مل کر کام کریں تو 2022 میں اس وبا سے نجات حاصل کرلی جائے گی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ویکسین کی تقسیم میں عدم مساوات وائرس کے پھیلنے کے خطرے کو بڑھا رہی ہے۔ٹیڈروس نے کہا کہ تنگ نظری پر مبنی قوم پرستی اورکچھ ممالک کی طرف سے ویکسین کی ذخیرہ اندوزی نے ویکسین کی منصفانہ تقسیم کو نقصان پہنچایا ہےاور اومی کرون کے پھیلاؤ کیلئے مثالی حالات پیدا کیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جتنی دیر تک ویکسین کی غیر منصفانہ تقسیم جاری رہے گی تب تک وائرس کے پھیلنے کے خطرات اتنے ہی زیادہ ہوں گے اس لیے اگر ممالک مل کر کام کریں اور ویکسین کی صحیح تقسیم کریں تو اس وبا پر قابو پا لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں