شاہین شاہ آفریدی نے عمران خان کا 40 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

پیسر نے 2021ء میں مجموعی طور پر 78 وکٹیں حاصل کیں، سابق کپتان نے 1982ء میں 76 شکار کیے تھے

لاہور (سپورٹس ڈیسک ) قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے عمران خان کا 40 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ۔ 21 سالہ شاہین آفریدی نے 2021ء میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 78 وکٹیں حاصل کیں ۔ یہ 1993ء کے بعد پہلا موقع تھا جب کسی پاکستانی فاسٹ بائولر نے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں ۔
وقار یونس نے 1993ء میں 91 وکٹیں حاصل کی تھیں ۔ وقار یونس کیلنڈر ایئر میں زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی فاسٹ بائولر بھی ہیں، انہوں نے 1990ء میں مجموعی طور پر 96 وکٹیں حاصل کی تھیں ۔ ایک کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز سابق پاکستانی آف سپنر سعید اجمل کے پاس ہے جنہوں نے 2013ء میں مجموعی طور پر 111 شکار کیے تھے ۔

سابق آف سپنر ثقلین مشتاق 1997ء میں 101 وکٹیں لیکر دوسرے نمبر پر موجود ہیں ۔

سعید اجمل 2012ء میں 95 اور 2011ء میں 89 وکٹوں کے ساتھ اس فہرست میں باترتیب چوتھے اور چھٹے نمبر پر بھی موجود ہیں ۔ قومی ٹیم کے آنجہانی سابق لیگ سپنر عبدالقادر نے 1987ء میں 77 شکار کیے تھے جب کہ سابق کپتان عمران خان نے 1982ء میں 76 وکٹیں حاصل کی تھیں، سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے 1992ء میں مجموعی طور پر 69 وکٹیں حاصل کی تھیں ۔ دوسری جانب فاسٹ بائولر حسن علی 2021ء میں 73 وکٹیں حاصل کرکے دوسری پوزیشن پر رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں