راولپنڈی میں ناکے پر نہ رکنے پر شہری کو زخمی کرنے والے پولیس اہلکار کو معطل کر دیا گیا

اہلکاروں نے شہری کو ناکہ پر روکا تھا تاہم گاڑی بھگانے پر اہلکاروں نے مشکوک سمجھ کر فائرنگ کی تھی

راولپنڈی (کرائم ڈیسک) : راولپنڈی میں ناکے پر گاڑی نہ روکنے پر شہری کو فائرنگ کر کے زخمی کرنے والے پولیس اہلکار کو معطل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقہ نیوٹاؤن میں ناکے پر نہ رکنے والے شہری کو زخمی کرنے والے پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔ راولپنڈی کے علاقہ نیوٹاؤن میں پولیس اہلکاروں نے ناکے پر نہ رکنے والے شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا۔
اس واقعہ کی پولیس نے تحقیقات بھی کیں۔ پولیس کی جانب سے کی جانے والی ابتدائی تحقیقات کے مطابق اہلکاروں نے شہری کو ناکہ پر روکا تھا تاہم گاڑی بھگانے پر اہلکاروں نے مشکوک سمجھ کر فائرنگ کی، سی پی او راولپنڈی نے اختیارات سے تجاوز کرنے پر پولیس اہلکاروں کو معطل کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے گولی چلانے والے اہلکار کو فوری گرفتار کر نے کا حکم بھی دیا۔
سی پی او راولپنڈی نے اس حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ زخمی شہری اسپتال میں زیر علاج ہے جب کہ سینئر پولیس افسران شہری کی اہل خانہ سے رابطے میں ہیں، اس کے علاوہ ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی اور ایس پی راول ٹاؤن نے اسپتال میں شہری کی عیادت کی اور فیملی کو میرٹ پر انکوائری کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ واقعہ کی میرٹ پر انکوائری کررہے ہیں اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے، اختیارات سے تجاوز کرنے اور ناکوں پر سنگین کوتاہی برتنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
راولپنڈی میں پیش آنے والے اس واقعہ پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی سخت نوٹس لیا تھا اور اورسی پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں