پشاور: انسانی سمگلنگ میں ملوث 4 رکنی گروہ گرفتار، افغانستان کی جعلی دستاویزات برآمد

پشاور: (کرائم ڈیسک) ایف آئی اے نے پشاورمیں کارروائی کے دوران انسانی سمگلنگ میں ملوث چار رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا، سینکڑوں جعلی مہریں، افغانستان کے جعلی لائسنس اور دیگر دستاویزات برآمد کر لیں۔

ایف آئی اے کے مطابق پشاور کے علاقے قصہ خوانی جھنگی محلہ بازار میں کارروائی کی گئی جس کے دوران 4 ملزموں کو گرفتار کیا گیا، کارروائی کے دوران سینکڑوں جعلی مہریں، افغانستان کے جعلی لائسنس ، جعلی نکاح نامے، وزارت داخلہ کی جعلی مہریں، امیگریشن اور افغان وزارت تعلیم کی جعلی مہروں سمیت دیگر دستاویزات برآمد کی گئیں۔

حکام کے مطابق ملزمان جعلی امیگریشن کاغذات بنانے میں مصروف تھے، جعلی افغان دستاویزات سے سرحد پار کرائی جاتی تھی، گرفتار 3 ملزمان کا تعلق پشاور جبکہ ایک کا افغانستان سے ہے ،ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئےمزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں