سڑک پر کھڑی خاتون سے کارسوار 4 ملزمان کی مبینہ اجتماعی زیادتی

ملزمان متاثرہ خاتون کو ایک مکان میں بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ کرفرار ہوگئے

گوجرانوالہ (کرائم ڈیسک) : کار سوار چار ملزمان نے حافظ آباد روڈ مان اسٹاپ پر کھڑی خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ میں درندگی کا ایک واقعہ پیش آیا جہاں 4 ملزمان نے خاتون کو مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ملزمان متاثرہ خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد ایک مکان میں بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ کرفرار ہوگئے۔
واقعہ کے حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، متاثرہ خاتون نے پولیس کو دئے گئے بیان میں بتایا کہ وہ گھر جانے کے لئے حافظ آباد روڈ مان اسٹاپ پر کھڑی تھی، کہ کار پر سوار 4 سفاک ملزمان نے گاڑی روکی اور اسے زبردستی کار میں بٹھا لیا۔

جس کے بعد ملزمان اسے نامعلوم مقام پر ایک مکان میں لے گئے اور خاتون کو اجتماعی زیاتی کا نشانہ بنایا، اور بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ کرفرار ہوگئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون سے گینگ ریپ کا مقدمہ تھانہ لدھے والہ وڑائچ میں درج کر لیا گیا ہے، اور خاتون کو میڈیکل کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ تاہم تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ یاد رہے کہ ملک بھر میں آئے روز زیادتی کے کئی واقعات رپورٹ ہوتے ہیں۔ دو روز قبل ملک میں بڑھتے ہوئے جنسی جرائم کے سد باب کے لیے وزارت قانون و انصاف نے ”انسداد جنسی زیادتی، تحقیقات اور مقدمہ ایکٹ 2021” کے مؤثر نفاذ کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
”انسداد جنسی زیادتی، تحقیقات اور مقدمہ ایکٹ 2021” کے مؤثر نفاذ کے لیے کمیٹی کی تشکیل انسداد عصمت دری (تحقیقات اور مقدمہ) ایکٹ 2021ء (آرڈیننس نمبر XVI) 2020ء کے سیکشن 15 کی ذیلی دفعہ 1 کے ذریعے حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں