سالِ نو پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرنے فیصلہ

شہر کے ضلع جنوبی میں 2 ہزار 250 پولیس اہلکاروں کی نفری تعینات کر دی گئی

کراچی (کرائم ڈیسک) : کراچی میں سالِ نو پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف اقدم قتل کے مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں سال نو کے جشن کے موقع پر شہر بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں ضلع ساؤتھ میں 2250 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ نے کہا کہ ضلع جنوبی میں سخت سکیورٹی اقدامات کو حتمی شکل دے گئی ہے اور اس سلسلے میں زیادہ تر انتظامات کلفٹن اور ڈیفنس سب ڈویژن میں کیے گئے ہیں، پولیس سکیورٹی کو مجموعی طور پر 9 سیکٹرز پر بنایا گیا ہے، سمندر جانے والے راستوں پر ایک ہزار557 افسران واہلکار ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں مجموعی طور پر 2 ہزار 250 پولیس اہلکار مختلف مقامات پر ڈیوٹیز دیں گے، زیادہ تر انتظامات کلفٹن اور ڈیفنس سب ڈویژن میں کیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیر شیخ کے مطابق ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 6 پولیس لائنز ہیں، ان تمام پولیس لائنز سے فائرنگ نہ کرنے کے سرٹیفکیٹ لیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کوئی پولیس اہلکار یا اس کا رشتے دار فائرنگ کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔

خیال رہے کہ کمشنر کراچی اقبال میمن نے سال نو کے موقع پر کراچی میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔ کمشنر کراچی اقبال میمن نے سال نو کے موقع پر شہر میں دفعہ 144 نافذ کردی، دفعہ 144 ہوائی فائرنگ کے واقعات کے باعث نافذ کی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا۔ کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ تمام حساس مقامات پر پولیس اور رینجرز تعینات کی جائےگی، ایمبولینس اور فائر بریگیڈ حساس مقامات پر پولیس پوائنٹس پر موجود رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں