رضوان اور شاہین کا مقابلہ انگلینڈ کے کپتان جو روٹ اور کیوی کپتان کین ولیمسن سے ہوگا
لاہور (سپورٹس ڈیسک ) قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ، فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی ، برطانوی ٹیسٹ کپتان جو روٹ اور کیوی کیتان کین ولیمسن کو آئی سی سی پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ جو روٹ نے رواں سال انگلینڈ کے لیے 18 بین الاقوامی میچوں میں 58.37 کی اوسط سے 6 سنچریوں کی مدد سے 1855 رنز سکور کیے۔
شاہین آفریدی نے36 بین الاقوامی میچوں میں 22.20 کی اوسط سے 78 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے پورے کیلنڈر سال میں ٹی ٹونٹی فارمیٹ پر راج کیا اور 21 میچوں میں 23 وکٹیں حاصل کیں ۔ شاہین آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ میں صرف 9 میچوں میں 17.06 کی حیران کن اوسط سے 47 وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے رواں سال 16 بین الاقوامی میچوں میں ایک سنچری کے ساتھ 43.31 کی اوسط سے 693 رنز بنائے۔
پاکستان وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے 44 بین الاقوامی میچوں میں 56.32 کی اوسط سے 2 سنچریوں کے ساتھ 1915 رنز بنائے اور وکٹوں کے پیچھے مجموعی طور پر 56 شکار بھی کیے۔ رضوان نے ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں صرف 29 میچوں میں 1326 رنز بنائے، رضوان نے 73.66 کی اوسط اور 134.89 کے سٹرائیک ریٹ سے یہ رنز سکور کیے ۔