پاکستان سپرلیگ 2022 کی کوریج کے خواہشمند صحافیوں کیلئے میڈیا ایکریڈیشن کا آغاز

تمام میڈیا نمائندگان آن لائن فارم کے ذریعے اپنی درخواستیں 11 جنوری بروز منگل شام 5 بجے تک جمع کرواسکتے ہیں

لاہور (سپورٹس ڈیسک) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2022 کی کوریج کے خواہشمند صحافیوں کے لیے میڈیا ایکریڈیشن کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے لیے خواہشمند میڈیا نمائندگان کو آن لائن فارم بھرنا ہوگا۔ تمام میڈیا نمائندگان آن لائن فارم کے ذریعے اپنی درخواستیں 11 جنوری بروز منگل شام 5 بجے تک جمع کرواسکتے ہیں۔
میڈیا ایکریڈیشن کے حصول کے لیے لازمی ہے کہ مقررہ قواعد وضوابط کو قبول کیا جائے جو کہ یہاں موجود ہیں۔ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا پہلا مرحلہ 27 جنوری سے 7 فروری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 10 سے 27 فروری تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری رہے گا۔میڈیا ایکریڈیشن جاری کرتے وقت ان دو شہروں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو ترجیح دی جائے گی۔

اس سلسلے میں ایک پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے زیادہ سے زیادہ 2 رپورٹرز اور 2 فوٹوگرافرز جبکہ نان رائٹس ہولڈنگ ٹیلی ویژن اور ریڈیو نیوزچینل کے زیادہ سے زیادہ 2 رپورٹرز کو ایکریڈیشن جاری کیا جاسکتا ہے۔اس پالیسی کے تحت پی سی بی لاہور اور کراچی کے علاوہ دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو بھی میڈیا ایکریڈیشن جاری کرنے کے قابل ہوگا۔
پی سی بی کی میڈیا رائٹس کے تحفظ کی پالیسی کے تحت نان رائٹس ہولڈنگ کیمرہ پرسنز کو بھی ٹورنامنٹ کا ایکریڈیشن جاری کیا جائے گا تاہم میچ ڈیز پر فلم بندی کی پابندی کی وجہ سے صرف رپورٹرز کو ہی اسٹیڈیم کے اندر میڈیا کے لیے دستیاب سہولیات تک رسائی ہوگی، یہاں تک کہ پی سی بی کی خصوصی منظوری نہ ہو ۔تاہم نان رائٹس ہولڈنگ ٹی وی نیوز چینلز کو نان میچ ڈیز پر فلم بندی کرنے کی اجازت ہوگی۔
اس میں ٹیموں کے تربیتی سیشنز ، پی ٹی سیز اور کھلاڑیوں کے انٹرویوز شامل ہیں۔پی سی بی کسی بھی درخواست کو مسترد کرنے کا صوابدیدی اختیار رکھتا ہے ۔ وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2022 کے میڈیا رائٹس کے تحفظ کی پالیسی کی خلاف ورزی کا مرتکب پائے جانے والے کسی بھی صحافی کے خلاف کارروائی کرنے کا حق بھی محفوظ رکھتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں