اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت میں پی ٹی آئی کا دور معیشت کو خراب کرنے اور ناقص گورننس کی فراہمی کے لحاظ سے بدترین رہا ہے۔
قائد حزب اختلاف و صدر مسلم لیگ نون شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی اور سیاسی استحکام براہ راست قومی سلامتی میں شامل ہوتا ہے، شہری اپنے مستقبل کے بارے میں اتنے ناامید پہلے کبھی نہیں تھے، اس کے مضمرات قومی سلامتی پر ہیں۔
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے اپنے بیان میں کہا کہ آج حکومت منی بجٹ نہیں عوام کے معاشی قتل عام کے پروانے کی کابینہ سے منظوری لینے جا رہی ہے، ساڑھے تین سال بعد بھی عمران خان کا منی بجٹ لانے کی وجہ گذشتہ حکومتوں کو قرار دینا دماغی خلل کا نتیجہ ہے، 350 ارب کے منی بجٹ کے ذریعے لگنے والے ٹیکسوں سے جو سیکڑوں اشیاء مہنگی ہونے جا رہی ہیں اس کا عام مہنگائی پر اثر نہیں پڑے گا؟۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران حکومت کا واحد معاشی مقصد اب صرف عوام سے ٹیکس بٹورنا رہ گیا ہے، حکمران مال بنانے میں مصروف ہیں اور عوام فاقوں سے خودکشی پر، حکومت نے عوام کو لنڈے کے کپڑوں تک کا نہیں چھوڑا، پیک فوڈ ، بجلی، پیٹرول ، دالیں اور گھی سمیت دیگر اشیاء اس منی بجٹ کے مرہون منت مزید مہنگی ہو جائیں گی۔