لاہور: (نیوز ڈیسک) کورونا وائرس کی لہر آنے کے بعد اب تک 50 فیصد سے زائد شہریوں کی ویکسینیشن مکمل کرنے کے حوالے سے پنجاب ملک کا پہلا صوبہ بن گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ الحمد للہ پنجاب حکومت نے 2021 میں ویکسینیٹڈ پنجاب کا وعدہ بھی پورا کیا اور اب تک 12 سال سے زائد عمر کے تقریباً 70 فیصد شہریوں یعنی 5 کروڑ 63 لاکھ افراد کو ویکسین کی کم از کم ایک ڈوز لگائی جا چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 50 فیصد سے زائد شہریوں کی ویکسینیشن مکمل کرنے والا بھی پنجاب پہلا صوبہ بن چکا ہے۔
اس سے قبل کورونا وائرس سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 921 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 94 ہزار 861 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 482 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 44 ہزار 862، سندھ میں 4 لاکھ 81 ہزار 381، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 81 ہزار 334، بلوچستان میں 33 ہزار 630، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 429، اسلام آباد میں ایک لاکھ 8 ہزار 565 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 660 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 33 لاکھ 24 ہزار 549 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 ہزار 662 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 55 ہزار 931 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 639 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 3 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 28 ہزار 921 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 66، سندھ میں 7 ہزار 666، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 927، اسلام آباد میں 967، بلوچستان میں 363، گلگت بلتستان میں 186 اور آزاد کشمیر میں 746 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔