کراچی: (کرائم ڈیسک) کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے حتمی چالان پیش کرنے کے لئے تفشیشی افسر کو 10 جنوری تک مہلت دے دی۔
سماعت کے موقع پرجیل حکام نے ایم پی اے جام اویس سمیت 6 ملزمان کو عدالت میں پیش کر دیا، جام اویس کو بغیر ہتھکڑی لگائے عدالت میں پیش کیا گیا، سماعت کے دوران تفتیشی افسرحتمی چالان جمع کروانے میں ناکام رہے، جس پر عدالت کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا۔
تفشیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ڈی وی آر، یو ایس بی سے متعلق اور دیگر رپورٹس موصول نہیں ہوئیں، رپورٹس سے متعلق ریمائنڈر ارسال کر دیا، حتمی چالان کیلئے مزید مہلت دی جائے۔ عدالت نے تفشیشی افسر کو مہلت دیتے ہوئے سماعت 10جنوری تک ملتوی کر دی۔
ملیر کورٹ کے باہرناظم جوکھیو کی بیوہ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی مراد علی شاہ نے انصاف دلانے کے وعدے کئے مگر اب مکر گئے ہیں، تاحال ہمارے لیے کچھ نہیں کیا، ایم این اے جام عبدالکریم ہم سے ڈیل کرنا چاہتا ہے، ہم سودا نہیں کرینگے،انہوں نے اگر کچھ نہیں کیا تو کیس کا سامنا کرے۔