لاہور میں خواتین کی ہوائی فائرنگ کرنے کی ویڈیو وائرل

ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش میں ملوث ثمینہ پٹھانی ، مہک کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا

لاہور (کرائم ڈیسک) : لاہور میں ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کرنا خواتین کو مہنگا پڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق مصری شاہ پولیس نے لاہور میں اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنے والی خواتین کے خلاف کارروائی کی ۔ کارروائی کے دوران ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش میں ملوث ثمینہ پٹھانی ، مہک کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس نے گرفتاری کے بعد ثمینہ پٹھانی،مہک،محمد علی عرف گولا اورذیشان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو لاہور پولیس کی جانب سے واقعہ کا نوٹس لیا گیا ۔ لاہور پولیس کے نوٹس لینے کے بعد مصری شاہ پولیس نے ہوائی فائرنگ میں ملوث چار افراد کو گرفتار کر کے ان سے اسلحہ برآمد کیا اور برآمد کیا گیا اسلحہ قبضے میں لے لیا۔

ایس پی سٹی حفیظ الرحمن بگٹی کی ہدایت پر مصری شاہ پولیس نے کارروائی کی ۔ پولیس کا کہنا تھا کہ مجرم چاہے مرد ہو یا عورت قانون سب کے لیے برابر ہے۔ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ ایس پی سٹی نے قانون شکنی میں ملوث خواتین کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دی تھی، ملزمہ ثمینہ پٹھانی،مہک عرف بلی،محمد علی عرف گولا اورذیشان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے بھی نئے سال کے موقع پرلاہور میں موسیقی کی تقریبات اور آتش بازی پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ عوامی اجتماعات، کنسرٹ پروگرام ، موسیقی تقریبات کی اجازت نہیں ہوگی، آتشبازی کیلئے دی گئی تمام درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں۔ دوسری جانب ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن( ر) ظفر اقبال اعوان کا کہنا ہے کہ نئے سال کی آمد کے حوالے سے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار کے حکم پر جنوبی پنجاب کے پولیس افسران کو ہدایات جاری کی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں