JUI F رہنما سمیت 3 افراد قتل، احتجاج کا اعلان

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہو میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کی جانب سے اپنے رہنما سمیت 3 افراد کے قتل پر احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔

جے یو آئی ف نے بھارہ کہو کے اٹھال چوک پر دھرنا دینے اور احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ مقتولین کی لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کریں گے۔

مقتول کے بھائی اور جے یو آئی ف کے رہنما قاری کرامت الرحمٰن کے مطابق واقعے کی ایف آئی آر تاحال درج نہیں کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مقتول جے یو آئی ف کے سرگرم رکن تھے، جن کے قتل کے واقعے کے خلاف اٹھال چوک پر دھرنا دیں گے۔

قاری کرامت الرحمٰن کا یہ بھی کہنا ہے کہ مقتولین کے قاتل گرفتار کیئے جانے تک دھرنا جاری رہے گا، واقعہ حکومت اور انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کا ثبوت ہے۔

گزشتہ شب بھارہ کہو میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما اور مسجد کے امام مفتی اکرام کو 13 سالہ بیٹے اور شاگرد سمیت قتل کر دیا۔

تینوں مقتولین کی لاشوں کو پولی کلینک اسلام آباد منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما عبدالغفور حیدری نے مفتی اکرام سمیت 3 افراد کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں