روی شاستری کی جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میں شاندار بولنگ پر فاسٹ بولر محمد شامی کو شاباش

شاباش بنگال کے سلطان، دیکھ کر مزہ آ گیا، بریانی، دو دن بعد۔ محنت کا پھل مل گیا، بھارتی ٹیم کے سابق کوچ کی گفتگو

نئی دہلی (سپورٹس ڈیسک) بھارتی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ روی شاستری نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میں شاندار بولنگ پر فاسٹ بولر محمد شامی کو شاباش دی ہے۔جنوبی افریقا کے خلاف سنچورین کے سپراسپورٹ پارک میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز محمد شامی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اپنی ٹیم کو پہلی اننگز میں 130 رنز کی سبقت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

محمد شامی نے جب جنوبی افریقا کے کگیسو ربادا کو آؤٹ کیا تو یہ ان کی اننگز کی پانچویں اور ٹیسٹ کرکٹ کی 200 ویں وکٹ تھی۔فاسٹ بولر نے یہ کارنامہ اپنے 55 ویں ٹیسٹ میں انجام دیا اور کپل دیو اور جواگل سری ناتھ کے بعد 200 وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے بھارتی فاسٹ بولر بن گئے۔کپل دیو نے یہ کارنامہ 50 ٹیسٹ کھیل کر انجام دیا تھا ، جواگل سری ناتھ نے 200 وکٹیں حاصل کرنے کے لیے 54 ٹیسٹ میچ کھیلے تھے۔محمد شامی کی شاندار بولنگ پر بھارتی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ روی شاستری نے بھی انہیں شاباش پیش کی۔روی شاستری نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ شاباش بنگال کے سلطان، دیکھ کر مزہ آ گیا، بریانی، دو دن بعد۔ محنت کا پھل مل گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں