شہید بے نظیر بھٹو ٹورنامنٹ :العثمان شوٹنگ بال کلب لاہور نے تھیبہ شوٹنگ بال کلب ٹنڈو الہیار ،سندھ کو شکست دیکر اپنے نا م کرلیا

کراچی (سپورٹس ڈیسک) المزمل شوٹنگ بال پنو عاقل کے زیر اہتمام منعقدہ “آل پاکستان شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹو اور شہید ڈی آئی جی عبدالعزیز بلو شوٹنگ بال ٹورنامنٹ 2021 “کا ٹائٹل العثمان شوٹنگ بال کلب لاہور نے جیت لیا ۔فائنل میچ میں العثمان کلب نے مد مقابل تھیبہ شوٹنگ بال کلب ٹنڈو لہیار سندھ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-0سے شکست دیدی ،دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے دوران کھیل شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا جس پر کورٹ پر موجود ہزاروں شائقین کھیل نے کھلاڑیوں کو بھر پور داد تحسین پیش کیا فائنل میں خالد حسین ،طارق مٹھو ،قیصر بھٹی ،یوسف ظفر ،غلام عباس جوئیہ ،عبدالحکیم بوزدار ،اعجاز احمد ،حافظ توقیر ،غلام علی اور ماسٹر عبدالغفار نے شاندار کھیل پیش کیا ۔

فائنل کے اختتام پر مہمان خصوصی علم الدین بلو نے فاتح العثمان کلب لاہور کے کپتان طارق مٹھو اور رنر اپ تھیبہ کلب ٹنڈو الہیار سندھ کے کپتان عبدالحکیم بوزدار کو ٹرافی اور کیش ایوارڈ سے دیئے اس موقع پردیگر کھلاڑیوں کو انفرادی انعامات بھی دیئے گئے ۔مین آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ تھیبہ کلب سندھ کے غلام عباس جوئیہ کو دیا گیا ۔اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی لالا طاہر محمود ،سرپرست پاکستان شوٹنگ بال فیڈریشن چوہدری یوسف ،سیکریٹری پاکستان شوٹنگ بال فیڈریشن سید مدد علی شاہ ،سیکریٹری بلوچستان شوٹنگ بال ایسوسی ایشن عبدالکریم لونی ،سیکریٹری سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن ڈاکٹر قیصر جتوئی ،تھیبہ کلب کے سرپرست اعلیٰ سرار عبدالشکور تھیبو ،ہدایت اللہ لاشاری ،جاوید میمن ،سیکریٹری ٹورنامنٹ شاکر حسین بلو اور دیگر شخصیات موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں