صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ صحت اور دیگر شعبوں کی ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات لائق تحسین ہیں۔
لاہور(نیوز ڈیسک) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کرسمَس کے تہوار کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دی ہے اور ملک کی تعمیر وترقی میں مسیحی برادری کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
کرسمَس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صوبائی وزیر نے کہا کہ حضرت عیسٰی علیہ السلام کی پیدائش کادن مسیحی برادری کے ساتھ مسلمانوں کے لئے بھی قابل احترام ہے۔
ہم بطور مسلمان حضرت عیسٰی علیہ السلام کو خدا کا رسول مانتے ہیں اور ان کا احترام ہم پر واجب ہے، دین اسلام کی تعلیمات کے مطابق تمام انبیاء کرام کی عزت و توقیر ہمارا دینی فریضہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں کی ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات لائق تحسین ہیں، مسیحی برادری امن پسند اور ہمارے لئے قابل احترام ہے اور ہم آج مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے اور مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو اپنے عقائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر ہر ایک کو ایک سچے پاکستانی کی حیثیت سے ملک کی تعمیر وترقی کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرنے کا عزم کرنا ہے۔