وفاقی وزیر توانائی حماداظہر نے کہا ہے کہ گیس کی سپلائی اتنی ہے جتنی زمین سے نکل رہی ہے۔
اسلام آباد(کامرس ڈیسک) حماداظہر کا کہنا تھا کہ سردیوں میں گھریلو صارفین کی گیس طلب بڑھ جاتی ہے، سپلائی اتنی ہے جتنی زمین سے نکل رہی ہے۔
وفاقی وزیر حماداظہر نے کہا کہ گیس کی ڈیمانڈ بڑھتی جارہی ہے، گیس کی کمی پر ہر طرح سے بات چیت ہورہی ہے، 30 تاریخ کو ہائیکورٹ میں سماعت ہے سمجھنا ہوگاسردیوں میں گیس کی کمی کیوں آتی ہے۔
وفاقی وزیر حماداظہرنے بتایا کہ آفتاب صدیقی کاپارلیمانی سیکریٹری کےعہدےسے استعفیٰ منظور کر لیا گیا ہے، استعفیٰ وزیراعظم عمران خان نے منظور کیا ہے۔
یاد رہے کہ آفتاب صدیقی نےکراچی میں گیس کی شدیدقلت پراحتجاجااستعفیٰ دیا تھا، وزارت پارلیمانی امور نے استعفےکی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں گیس کا بحران جاری، شہری مشکلات سے دوچار
واضح رہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں گیس کا بحران جاری ہے، شہرکے مختلف علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کے سبب لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
صبح ہو یا شام گیس بحران نے لوگوں کواذیت میں مبتلا کردیا ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس لوڈ شیڈنگ اور گیس پریشر میں کمی کے باعث عوام پریشان ہیں، صنعتوں کو گیس بند کرنے کے باوجود گھریلو صارفین کو گیس فراہم نہیں کی جارہی۔
کورنگی ، شاہ فیصل ، صدر، رنشور لائن ، گارڈن کے کچھ علاقوں میں گیس لود شیڈنگ کا سامنا ہے جبکہ جوہر، گلزار ہجری، لیاقت آباد، ایف بی ایریا میں بھی گیس غائب ہے۔
سرجانی ، نیو کراچی ، ناظم آباد کے مختلف علاقے، کراچی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی سمیت مختلف علاقوں میں بھی گیس کی بندش کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔