اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب، پاکستان کی ترقی میں مسیحی برادری کا کردار قابل ستائش ہے، محمد شکیل منیر

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں مسیحی برادری کے ساتھ اظہار ہم آہنگی کیلئے کرسمس کا کیک کاٹنے کی ایک تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت چیمبر کے صدر محمد شکیل منیر نے کی۔ چیمبر کے نائب صدر محمد فہیم خان، اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد سدرہ انور، پاسٹر بابر وارث، چوہدری اشرف فرزند چیئرمین پاکستان مینارٹی فورم، منظور مسیح ممبر قومی کمیشن برائے انسانی حقوق اور شہباز چوہان سمیت مسیحی برادری کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبرکے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں مسیحی برادری کا کردار بہت اہم ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں مسیحی قوم حضرت مسیح علیہ سلام کا یوم پیدائش منانے کی تیاریاں کر رہی ہے جنہوں نے ہمیشہ امن، بھائی چارے اور پوری انسانیت کی فلاح وبہبود کا درس دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت مسیح علیہ سلام نے نہ صرف بیماروں کا علاج کیا بلکہ انسانیت کو دوسروں کے ساتھ ہمیشہ محبت، برداشت اور رحم کا رویہ رکھنے کی تعلیم دی اور اسلام بھی انہی اقدار کا علمبردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لہذا مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتیں مل کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کیلئے فعال کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ چیمبر نے اس سال بھی چوہدری اشرف فرزند کوبین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کاکنوینر نامزد کیا ہے تا کہ وہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کے درمیان ہم آہنگی و یکجہتی کو فروغ دینے کیلئے کوششیں جاری رکھیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی چیمبر مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے تاجروں و صنعتکاروار ں کے کاروباری مفادات کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسیحی کمیونٹی کے مزید تاجروصنعتکار چیمبر کے ممبر بنیں اور اس ادارے کے ہاتھ مضبوط کریں۔انہوں نے اس موقع پر مسیحی کمیونٹی کو کرسمس کی مبارک باد بھی پیش کی۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر محمد فہیم نے اس بات پر زور دیا کہ مسیحی کمیونٹی سمیت تمام طبقات قومی یکجہتی کے جذبے کے ساتھ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھرپور کوشش کریں تا کہ ہمارا ملک تیزی سے آگے بڑھے۔
انہوں نے مسیحی کمیونٹی کو کرسمس کی مبارک باد پیش کی۔چیمبر کے سابق صدرمحمد اعجاز عباسی، سابق سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور دیگر نے اپنے خطاب میں پاکستان کی اقتصادی ترقی میں مسیحی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ ملک کو پائیدار ترقی کے راستے پر ڈالنے کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پاسٹر بابر وارث نے اس موقع پر حضرت مسیحی علیہ سلام کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی علیہ سلام نے ہمیشہ محبت، یگانگت، اصلاح اور معافی کا درس دیا ہے ۔انہوں نے آئی سی سی آئی کی طرف سے کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب منعقد کرنے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ ایسی تقریبات سے ملک میں ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا مسیحی قوم سمیت تمام اقلیتیں متحد ہو کر پاکستان کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔
اسسٹنٹ کمیشنر اسلام آباد سدرہ انور نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پاکستان میں پیش آنے والے بعض واقعات نے ملک کا امیج متاثر کیا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ مسیحی قوم سمیت دیگر اقلیتوں کے مذہبی تہوار منانے کی تقریبات کی حوصلہ افزائی کی جائے جس سے ملک میں امن اور بھائی چارے کو فروغ ملے گا۔
چوہدری اشرف فرزند چیئرمین پاکستان مینارٹی فورم اور منظور مسیح ممبر قومی کمیشن برائے انسانی حقوق نے اپنے خطاب میں مسیحی قوم کیلئے کرسمس کی تقریب منعقد کرنے پر چیمبر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس کا تہوار امن و بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اقلیتوں کی بہتری سمیت دیگر کوششوں میں مسیحی قوم چیمبر کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں