خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی ناقص کارکردگی کے باعث الیکشن ہاری، ایک وقت آئےگا جب پی ٹی آئی سے کوئی ٹکٹ بھی نہیں مانگے گا، عمرا ن خان کے پاس مستعفی ہونے کا ابھی بھی موقع ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ میرا مشورہ ہے آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی امیدوار ہیلمٹ پہن کر عوام میں جائیں، ایک وقت آئےگا جب پی ٹی آئی سے کوئی ٹکٹ بھی نہیں مانگے گا، عمرا ن خان کے پاس مستعفی ہونے کا ابھی بھی موقع ہے، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی ناقص کارکردگی کے باعث بلدیاتی الیکشن ہاری ہے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج نیب نے التوا مانگا ہے اورکہا ہے پراسیکیوٹر کی طبعیت ناساز ہے، وہ بھی وقت تھا جو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی استدعاکرتاتھا آج التوا مانگ رہا ہے ، خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کا نتیجہ ان پی ٹی آئی کی ناقص کارکردگی ہے، ایک وقت آئےگا پی ٹی آئی سے کوئی ٹکٹ بھی نہیں مانگے گا، پہلی حکومت ہے جوایک کے بعد ایک انتخاب ہار رہی ہے، پی ٹی آئی کو لاہور، خانیوال ، پشاور اور خیبرپختونخوا کے ہر ضلع سے شرمناک شکست ہوئی، عمرا ن خان کے پاس ابھی بھی موقع ہے وہ مستعفی ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ اوآئی سی کانفرنس افغانستان مسئلے کے لیے بلائی گئی تھی، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہےاور وہاں پر بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف پارٹی صدر ہیں لیکن فیصلے کا اختیار نوازشریف کے پاس ہیں، مولانا فضل الرحمان کو خیبرپختونخوا میں جیت پر مبارکباد پیش کرتی ہوں، اپنی جماعت کو کہا ہےکہ خیبرپختونخوا پر خاص توجہ کی ضرورت ہے، مسلم لیگ ن کو خیبرپختونخوا پر خاص توجہ دینی ہوگی، پشاور میں ایک بی آرٹی ہےجو چلتی کم جلتی زیادہ ہے۔
نیوز ایجنسی کے مطابق انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر کہا کہ وہی نیب جو میری ضمانت منسوخ کرنے اور روزانہ سماعت کی درخواست کررہا تھا آج جب اس کے پاس کوئی جواب نہیں تو وہ سماعت میں التوا مانگ رہے ہیں کیوں کہ جواب ہوتا تو وہ عدالت میں پیش کر کے فیصلہ لے لیتے۔ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت سے متعلق سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ جب اتنی بری کارکردگی ہو نااہلی، نالائقی کے ریکارڈ توڑے ہوں تو یہ تو ہونا ہی تھا۔
دیگر افراد کی بات تو دور پی ٹی آئی کے اپنے اراکین اسمبلی ان کے ساتھ نہیں کھڑے ہوں گے، روز ٹاک شوز میں پی ٹی آئی کے موجودہ قانون ساز اپنی حکومت پر تنقید کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی کا ٹکٹ رسوائی کی علامت ہے جسے کوئی لینے والا نہیں رہے گا اور اگر کوئی لے گا تو ان کے لیے میرا مشورہ ہے کہ عوام میں ہیلمٹ پہن کر جائیں کیوں کہ جو گزشتہ 4 برسوں میں عوام کے ساتھ کیا گیا، مہنگائی میں انہیں پیس دیا وہ شدید غصے میں ہیں۔
ملک بھر سے فیصلے آرہے ہیں، یہ پہلی حکومت ہے جو ہر ضمنی انتخاب میں ہاری ہے بلکہ بری طرح ہاری ہے اور لاہور میں لوگوں کے ڈر سے وہ تکنیکی بہانہ بن کر کے نکل گئے۔نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو پی ٹی آئی اپنا گھر کہتی تھی جہاں اسے شرمناک شکست ہوئی اور پاکستان کے ہر علاقے سے ایسے فیصلے آرہے کہ اگر کوئی عزت والا شخص ہو تو خدا حافظ کہہ کر چلا جائے۔