پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رواں ہفتے کاروباری صورتحال کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔
کراچی(کامرس ڈیسک) جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک ہفتے کے دوران 100 انڈیکس میں 504 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔
جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے میں رجحان مثبت رہا، کاروباری ہفتے میں 100 انڈیکس 504 پوائنٹس میں اضافے کے بعد 43900 پر بند ہوا ہے۔
اس کے علاوہ بازار میں ایک ہفتے میں 1 ارب 32 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے، شیئرز بازار کے ہفتہ وار کاروبار کی مالیت 41 ارب روپے رہی۔
واضح رہے کہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن ہفتہ بھر میں 65 ارب روپے بڑھ کر 7519 ارب روپے ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی ، ہنڈریڈ انڈیکس میں 1120 پوائنٹس کا اضافہ
رواں ہفتے بدھ کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہوا تو ہنڈریڈ انڈیکس 43 ہزار 246 پوائنٹس پر موجود تھا۔
کاروباری سرگرمیوں کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری کا زبردست رجحان دیکھا گیا تھا، ایک وقت میں ہنڈریڈ انڈیکس 44 ہزار 507 پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیا۔
کاروبار کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس 1120 پوائنٹس اضافے کے بعد 44 ہزار 366 پوائنٹس پر بند ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی، 100 انڈیکس میں 635 پوائنٹس کی کمی
جبکہ جمعرات کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہوا تو ہنڈریڈ انڈیکس 44 ہزار 366 پوائنٹس پر موجود تھا۔
دن کے آغاز سے ہی مارکیٹ میں مندی کا عنصر غالب رہا اور ہنڈریڈ انڈیکس ایک مرتبہ پھر 43 ہزار کی نفسیاتی حد سے نیچے آگیا۔
کاروبار کے دوران ایک وقت میں ہنڈریڈ انڈیکس 43 ہزار 607 کی سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم سیشن کے آخری وقت پر انڈیکس میں کسی حد تک بحالی ہوئی اور 100 انڈیکس 635 پوائنٹس کی کمی کے بعد 43 ہزار 731 پر بند ہوا۔