ہم نے پانچ سال حکومت کی ہے، ہر چیز کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) : مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گذشتہ چار حکومتوں کے ڈاکو اپنی جان بچانے کے لیے کابینہ میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہارنے والے طرح طرح کے بیانات دیتے ہیں، خانیوال میں ووٹ پارٹی کا تھا اور انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔
غیر آئینی مداخلت ہوتی ہے تو مسئلہ ہوتا ہے، ڈسکہ الیکشن کی رپورٹ سب کے سامنے ہے، پارٹی فیصلے کرتی ہے کہ کون کہاں کس جلسے میں جائے گا؟ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں وزیراعظم کے امیدوار سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، وزیراعظم کے امیدوا ر کا فیصلہ بھی پارٹی صدر کی مشاورت سے ہوگا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم نے پانچ سال حکومت کی ہے، ہر چیز کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔
موجودہ دور حکومت میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ حکومت اور مہنگائی کے خلاف اپوزیشن متحد ہے۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کا ہر لمحہ ملک پر بھاری ہے، حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، پی ڈی ایم کی تحریک کا مقصد نظام کو آئین کے مطابق کرنا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم کسی پلان کا حصہ نہیں ہیں ملک میں آئین چاہتے ہیں، چاہتے ہیں کہ ملک کا نظام آئین کے مطابق ہو۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے، چاہتے ہیں کہ صاف اور شفاف انتخابات ہوں۔ شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ منصوبے کے تحت پارلیمنٹ کو غیر مؤثر کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ استعفوں کے حق میں ہوں لیکن بڑی خرابی نہیں پیدا کرنا چاہتا۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکومت و پارلیمنٹ کچھ بھی مؤثرنہیں ہے۔ ماضی کو دیکھنا ہے تو ٹروتھ کمیشن بنا دیں، مسلم لیگ ن کبھی ڈیل کرکے اقتدار میں نہیں آئی، جو مجھ پر الزام لگاتا ہے وہ اپنے گریبان میں دیکھ لے، چور کابینہ کی ٹیبل پر بیٹھے ہوئے ہیں۔حکومت اور ادارے آئین کے مطابق نہیں چل رہے ہیں اور غیر آئینی نظام کی قیمت عوام ادا کر رہے ہیں۔