درآمدات نے ایک ہفتے میں مزید 9کروڑ ڈالر کھالئے

کراچی(کامرس ڈیسک)اسٹیٹ بینک کے پاس موجود غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی مجموعی مالیت میں 9کروڑ ڈالر کی کمی ہوگئی، جس سے مرکزی بینک کے ذخائر 18ارب 56 کروڑ 83 لاکھ ڈالر ہوگئے۔

واضح رہے کہ پچھلے ہفتے بھی مرکزی بینک کے ذخائر میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں سعودی ترقیاتی فنڈ سے 3ارب ڈالر موصول ہونے کے باجود اضافہ 2 ارب 64 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی صورت میں سامنے آیا تھا۔
زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کی بڑی وجہ درآمدات کا بوجھ ہے جو گزشتہ ماہ نومبر میں 8 ارب ڈالر تک پہنچ گیا تھا، جس سے تجارتی خسارہ 5 ارب ڈالر ہوگیا اور اس کے سبب پاکستانی روپے کو بھی شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
اطلاعات کے مطابق درآمدات میں اضافے کا سلسلہ دسمبر میں بھی جاری ہے جس کی وجہ سے زرمبادلہ ذخائر تیزی سے گر رہے ہیں اور اسٹیٹ بینک کے جمعرات کو جاری اعدادو شمار کے مطابق 10 دسمبر کو ختم ہونیوالے ہفتے کے دوران مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر کی مالیت 25 ارب 2 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہی جو اس سے پچھلے ہفتے 25 ارب 15 کروڑ 7 لاکھ ڈالر تھی۔
اسٹیٹی بینک کے مطابق کمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی کمی دیکھی جارہی ہے اور اس دوران کمرشل بینکوں کے ذخائر 6 ارب 45 کروڑ 95 لاکھ ڈالر ہوگئے جو پچھلے ہفتے 6 ارب 49 کروڑ 25 لاکھ ڈالر تھے یعنی کمرشل بینکوں کے ذخائر میں بھی 3 کروڑ ڈالر سے زائد کی کمی واقع ہوئی۔
اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے ذخائر کی مالیت میں کمی آنے سے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 25 ارب 2 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ہوگئے۔
زرمبادلہ ذخائر گرنے کا اثر پاکستانی روپے پر بھی دیکھا جارہا ہے اور جمعرات کو اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 180.50 روپے سے بڑھ کر 180.70 روپے ہوگیا جبکہ انٹر بینک میں ڈالر 177.98 روپے پر پہنچ چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں