بحرین ؛ اومی کرون کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ

حکام نے19 دسمبر سے 31 جنوری 2022ء تک کورونا وائرس یلوالرٹ لیول کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا اعلان کردیا‘ صرف ویکسین شدہ گرین شیلڈ ہولڈرز افراد کو عوامی مقامات میں جانے کی اجازت ہوگی

منامہ (انٹرنیشنل ڈیسک ) خلیجی ملک بحرین نے اومی کرون کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے حکام نے19 دسمبر سے 31 جنوری 2022ء تک کورونا وائرس یلوالرٹ لیول کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا اعلان کردیا ۔ عرب نیوز کے مطابق یلو الرٹ لیول پروگرام کے تحت بحرین میں صرف ویکسین شدہ گرین شیلڈ ہولڈرز افراد کو عوامی مقامات میں جانے کی اجازت ہوگی ، اسی طرح شاپنگ مالز، ریستورانوں، کیفے شاپ اور حجام کی دکانوں میں بھی صرف وہی لوگ جاسکتے ہیں جو ویکسین شدہ گرین شیلڈ ہولڈرز ہیں ، ان افراد کو انڈور جمز اور سپورٹس ہالز تک جانے میں کسی روک ٹوک کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
بحرین کی سرکاری نیوز ایجنسی بی این اے سے معلوم ہوا ہے کہ ہسپتالوں کے انتہائی نگہداشت یونٹس میں سات دن کے لیے اوسطاً 51 تا 100 مثبت کیسز سامنے آنے پر یلو لیول الرٹ رہے گا ، کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بحرین میں بنائی گئی بحرین کی نیشنل میڈیکل ٹاسک فورس نے کہا ہے کہ یلو لیول الرٹ کا فیصلہ صحت عامہ کی ترجیح کو سامنے رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 11دسمبر کو بحرین میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے پہلے کیس کی تشخیص ہوئی تھی ، بحرین کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اومی کرون سے متاثرہ شخص بیرون ملک سے وطن آیا ، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ وہ کس ملک کا سفر کر کے بحرین پہنچا تھا تاہم یہ بات سامنے آئی کہ متاثرہ مسافر کا کسی اور شخص کے ساتھ رابطہ نہیں ہوا۔ بتاتے چلیں کہ گزشتہ ماہ ہی بحرین نے کورونا وائرس ٹریول ریڈ لسٹ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا ، خلیجی ملک نے 14 نومبر سے اپنی کورونا وائرس ٹریول ریڈ لسٹ ختم کردی تھی ، بحرین کی ریڈ لسٹ میں 16 ممالک کو رکھا گیا تھا جن میں عراق ، ایران ، تیونس اور ملائیشیا شامل ہیں ، ریڈ لسٹ میں ہونے کی وجہ سے ان ممالک سے سفر پر پابندی تھی اور صرف شہری اور رہائشی اس وقت تک پرواز کر سکتے تھے جب تک کہ وہ قرنطینہ کے طریقہ کار پر عمل کریں لیکن اب اس ریڈ لسٹ کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ بحرین غیر ویکسین شدہ مسافروں کو لائسنس یافتہ نامزد جگہ پر قرنطینہ کرنے کی ضرورت کو بھی ختم کر رہا ہے اور اب لوگوں کو گھر میں الگ تھلگ رہنے کی اجازت دے رہا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں