امریکن باسکٹ بال، اسٹیفن کرے نے این بی اے کی نئی تاریخ رقم کر دی

نیویارک(سپورٹس ڈیسک) امریکن باسکٹ بال (این بی اے) میں گولڈن اسٹیٹ وارئیرز کے اسٹار کھلاڑی اسٹیفن کرے نے تھری پوائنٹر حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی۔اسٹیفن کرے نے رے ایلن کے سب سے زیادہ تھری پوائینٹر حاصل کرنے کے ریکارڈ کو توڑ کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ ریکارڈ بریکنگ پرفارمنس کے بعد اسٹیفن کرے اپنے جذبات قابو میں نہ رکھ پائے اور باسکٹ بال کورٹ میں کافی دیر تک جھومتے رہے۔

اسٹیفن نے یہ ناقابل فراموش ریکارڈ اپنے نام کرنے کے لئے باسکٹ بال کورٹ میں 13 سال لگائے۔ انہوں نے کیرئیر کے دوران 2973 ویں مرتبہ تھری پوائنٹر حاصل کیا۔
یہ تاریخ ساز لمحہ گولڈن اسٹیٹ وارئیرز اور نیویارک نکس کے مابین میچ کے دوران پیش آیا۔ شائقین باسکٹ بال کو امید تھی کہ اسٹیفن اس میچ میں ہی یہ ریکارڈ بنا لیں گے۔

اور پھر تماشائیوں کی تالیوں کی گونج میں وہ لمحہ بھی آن پہنچا جب اسٹیفن نے تھری پوائنٹر حاصل کیا ، اس وقت میچ ختم ہونے میں صرف دس منٹ باقی تھے۔
ان کے اس ریکارڈ میں ساتھی کھلاڑی انتھونی کا بھی ہاتھ تھا جنہوں نے انتہائی مخلتف اور مشکل زاویئے سے باسکٹ بال اسٹیفن کی جانب پھینکی جنہوں نے موقع ضائع کئے بغیر تھری پوائنٹر حاصل کر ہی لیا۔
ریکارڈ بنتے ہی باسکٹ بال کورٹ میں تماشائیوں کا جوش و خروش ناقابل فراموش تھا، پورا باسکٹ بال ہال اسٹیفن اور ان کے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر اس دلفریب لمحے کو انجوائے کر رہے تھے۔
میچ کے بعد اسٹیفن نے کہا کہ میرے پاس لفظ نہیں ہیں کہ جن سے میں اپنی خوشی بیان کر سکوں، اسٹیفن کے ریکارڈ بننے پر ٹیم کی جانب سے میچ میں بریک لیا گیا اور ساتھی کھلاڑیوں نے ان خوبصورت لمحات کو کیمرے کی آنکھ میں بند کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں