لاہور:(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل 7) سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے اپنے یوٹیوب چینل پر ڈرافٹنگ تقریب میں کیٹگری میں تنزلی کے باعث پی ایس ایل سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
کامران اکمل کا کہنا تھا کہ جب مجھے پلاٹینم سے گولڈ میں کیا تو مجھے تحفظات تھے، زلمی مینجمنٹ نے کہا اگلے سال آپ کی کیٹگری میں ترقی کریں گے ،سلور میں نوجوان کھلاڑیوں کو لینا چاہیے ،میرا نہیں خیال مجھے اس کیٹگری میں کھیلنا چاہیے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے عزت سے کرکٹ کھیلی ہے، پیسوں کی بات نہیں ،اللہ نے بہت دیا ہے ،بات عزت کی ہے، مجھے کوئی ترس کھا کر ٹیم میں نہ لے۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی نے پی ایس ایل 7 کی ڈرافٹنگ تقریب میں کامران اکمل کی تنزلی کرتے ہوئےانہیں سلور کیٹگری کے لئے منتخب کیا ۔