صرف زبانی جمع خرچ کی بجائے عوام کو ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کرنا پڑیں گے‘ پرویزالٰہی

حکومت جان لے مہنگائی کو کنٹرول نہ کیا تو ہر قسم کی پرفارمنس ختم ہو جائے گی‘سپیکر پنجاب اسمبلی کی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

لاہور(نیوز ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پولیٹیکل کوآرڈی نیٹر سپیکر پنجاب اسمبلی و صدر مسلم لیگ راولپنڈی زبیر احمد خان نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے ہدایات لیں۔ وفد میں پولیٹیکل کوآرڈینٹر چودھری شجاعت حسین و جنرل سیکرٹری مسلم لیگ راولپنڈی فیاض تبسم، شہباز گوشی مرکزی نائب صدر، انجم کیانی صدر مسلم لیگ گجر خان اور چودھری بلال وڑائچ شامل تھے۔
چودھری پرویزالٰہی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مہنگائی کی وجہ سے عوام کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں صرف زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے عوام کو ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کرنا پڑیں گے۔ انہوںنے کہا کہ ہمارا مذہب بھی انسانیت کا درس دیتا ہے عوام کو ریلیف دینا ہی دراصل انسانیت کی خدمت ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اس وقت مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے جامع پلان بنانے کی ضرورت ہے، حکومت جان لے کہ اگر مہنگائی کو کنٹرول نہ کیا توساری پرفارمنس ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں اومی کرون کے مزید کیس سامنے آنے پر صوبوں کو فوری طور پر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہو گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے زبیر احمد خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر زبیر احمد خان نے راولپنڈی کے کنٹونمنٹ بلدیاتی الیکشن اور تنظیم سازی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے چودھری پرویزالٰہی کو راولپنڈی میں نئے پارٹی سیکرٹریٹ کے افتتاح کی دعوت بھی دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں