بچی کے والد قبر پر فاتحہ خوانی کے لیے گئے تو کفن قبر کے باہر پڑا دیکھا اور لاش غائب تھی
بہاولنگر (کرائم ڈیسک) : بہاولنگر میں 10 دن کی نومولود بچی کی لاش نامعلوم ملزمان نے قبر سے نکال کر غائب کر دی۔پولیس نے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔بہاولنگر کی تحصیل منچن آباد میں 10 دن کی نومولود مدفن بچی کی لاش قبر سے نکال کر غائب کر دی گئی۔نومولود بچی کی دس روز قبل تدفین کی گئی تھی۔
بچی کے والد قبر پر فاتحہ خوانی کے لیے گئے تو کفن قبر کے باہر پڑا دیکھا اور لاش غائب تھی۔پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کرنے شروع کر دئیے۔پولیس کے مطابق واقعے کی ایف آئی آر بچی کے والد کی مدعیت میں درج کر لی گئی ہے ۔پولیس کے مطابق جائے وقوع سے متعدد کے پاؤں کے نشانات ملے ہیں۔فرانزک ٹیم کی رپورٹ کی مدد سے ملزمان کو جلد ٹریس کر لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایک ایسا ہی واقعہ بورے والا میں پیش آیا تھا۔11 اگست2021ء کو رپورٹ کیے جانے والے واقعے سے متعلق بتایا گیا کہ بورے والے کے نواحی گاؤں 513 ای بی میں اشفاق نامی شخص کا نومولود وفات پا گیا تھا۔بچے کی نمازجنازہ گذشتہ روز ادا کی گئی تھی۔والدین صبح سویرے قبر پر فاتحہ خوانی کے لیے پہنچے تو قبر کھود کر نعش نکال کر قبر کھلی چھوڑ ہوئی تھی۔
میت نکالنے والے نے قبر کو پہلی حالت میں بنا کر اس پر پھولوں کی پتیاں بھی ڈالیں تھیں تاکہ کسی کو شک نہ گزرے کہ قبر سے میت نکال لی گئی ہے۔چوکی تھانہ صدر پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے تاکہ ملزمان تک پہنچنے میں آسانی ہو۔اس حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ قبر کھود کر میت نکالنے والوں میں ایک مرد اور ایک عورت شامل ہیں جن کے پاؤں کے نشان ببھی قبر پر موجود تھے۔بچے کی وفات کے بعد اس واقعے نے متاثرہ والدین کو مزید غمزدہ کر دیا۔ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے بچے کی میت کو جلد بازیاب کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔