28 سالہ آف سپنر غیر ملکی میدانوں پر تیسرے بہترین بائولنگ فگرز کے مالک بن گئے
لاہور (سپورٹس ڈیسک ) قومی ٹیم کے آف سپنر ساجد خان نے عمران خان کا 44 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ 28 سالہ ساجد خان نے بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکہ ٹیسٹ میں 128 رنز کے عوض مجموعی طور پر 12 شکار کیے، یہ کسی بھی پاکستانی بائولر کی جانب سے ملکی میدانوں سے باہر تیسری بہتری بائولنگ کاوش تھی، سابق پاکستانی پیسر فضل محمود غیر ملکی میدانوں میں بہترین بائولنگ فگرز کے لحاظ سے پہلی دونوں پوزیشنز پر قابض ہیں ، فضل محمود نے 1952ء میں بھارت کیخلاف لکھنو ٹیسٹ میں 94 رنز کے عوض مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ 1954ء میں اوول ٹیسٹ کے دوران 99 رنز دے کر 12 وکٹیں لی تھیں ۔
سابق کپتان عمران خان نے 1977ء کے سڈنی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کیخلاف 165 رنز دے کر 12 وکٹیں حاصل کی تھیں جب کہ سابق پاکستانی پیسر محمد آصف نے 2006ء میں کینڈی ٹیسٹ میں سری لنکا کیخلاف 71 رنز کے عوض 11 شکار کیے تھے ۔
واضح رہے کہ ڈھاکا ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو ایک اننگز اور 8 رنز سے شکست دیکر ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کرلیا۔ پانچویں روز بنگلا دیش نے 7 وکٹ کے نقصان پر 76 رنز سے میچ کا آغاز کیا تو اس کے باقی تین کھلاڑی بھی مزید 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس طرح میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 87 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور فالو آن کا شکار ہوگئی۔ بنگال ٹائیگرز دوسری اننگز میں بھی ابتدا سے ہی ناکامی کا شکار ہوگئے اور صرف 25 رنز پر اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔ تاہم پھر مڈل آرڈر نے ٹیم کو سنبھالا تاہم پاکستانی باؤلرز نے شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 205 رنز پر آؤٹ کردیا۔ پہلی اننگ میں پاکستانی باؤلر ساجد خان نے بنگلا دیشی ٹیم کے پرخچے اڑا دیے اور صرف 42 رنز دے کر 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسری اننگز میں انہوں نے مزید 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح انہوں نے مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کیں۔ ساجد خان کو میچ کے بہترین کھلاڑی اور عابد علی کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔