برطانوی آل رائونڈر نے اپنے پہلے ہی اوور میں مسلسل4نوبالز کرئیں،کوئی بھی فیلڈ امپائر کی نظروں میں نہ آسکی، بعد ازاں8اوورز میں مزید10نوبالز کیں جن میں سے امپائر صرف 2 نوٹ کرسکا
برسبین (سپورٹس ڈیسک) ایشز سیریز میں انگلش فاسٹ بولر بین سٹوکس کی جانب سے کرائی گئی نوبالز نے امپائرنگ کے معیار کی قلعی کھول دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انگلش آل راؤنڈر بین سٹوکس ایک بار پھر خبروں میں آگئے، ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں جب آسٹریلیا کے خلاف بولنگ کے لئے آئے تو اپنے پہلے ہی اوور میں مسلسل 4 نو بالز کرا ڈالی، تعجب کی بات یہ تھی کہ سوائے اس بال کے جس پر ڈیوڈ وارنر کو آؤٹ قرار دیا گیا ،کوئی بھی فیلڈ امپائر کی نظروں میں نہ آسکی ۔
بعد ازاں 8 اوورز میں بین سٹوکس نے مزید 10 نو بالز کرائیں جن میں سے امپائر صرف 2 کو نوٹ کرسکا،غیر ملکی میڈیا نے امپائرنگ کےمعیار پر انگلیاں اٹھا دی ہیں۔
عمومی طور پر ٹیکنالوجی کے ذریعے تھرڈ ایمپائر، فیلڈ ایمپائرز کو کسی نو بال پر آگاہ کرتا ہے لیکن برسبین ٹیسٹ کے دوسرے دن یہ ٹیکنالوجی قابل عمل ہی نہیں تھی، جس پر اب تنقید کی جارہی ہے، وہیں فیلڈ ایمپائر پال رائفل اور روڈ ٹوکر کی خراب امپائرنگ پر بھی طنز کے نشتر برسائے جا رہے ہیں۔