ہری پور: (سپورٹس ڈیسک) ضلعی انتظامیہ ہری پور کی جانب سے بھمالہ موٹر کراس چیلنج کے نام سے موٹر سائیکل اور جیپ ریس مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں معین خان اور نعمان اکرم فاتح قرار پائے۔
خانپور ہزارہ ضلعی انتظامیہ ہری پور کی جانب سے خانپور بھمالہ کے مقام پرایک رنگا رنگ جیپ اور موٹرسائیکل ریس مقابلے کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر پاکستان بھر سے پچاس کے قریب بائیکرز اورجیپ ہنٹرز نے شرکت کی جن میں خواتین بھی شامل تھیں۔
بارش سردی اور دشوارگزار راستے کے باوجود ریس سے لطف اندوز ہونے کیلئے عوام کی بڑی تعداد بھمالہ کے مقام پر پہنچی اورمقابلے کے شرکا کو دل کھول کر داد دی۔
موٹرسائیکل ریس کا پہلاانعام راولپنڈی۔کے معین خان نے اپنے نام کرلیا جبکہ جیپ ہنٹ میں بھمالہ کے رہائشی نعمان اکرم ونرقرارپائے۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر ہری پور مغیث ثنااللہ اور ڈی پی او ہری پور کاشف ذوالفقار نے انتظامی ارکان اور مقابلے کے شرکا میں تعریفی شیلڈ و اسناد تقسیم کیں۔
ڈپٹی کمشنر ہریپور مغیث ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو ون ویلنگ جیسے جان لیوا کھیل سے ہٹا کر ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے ایسے ایونٹ منعقد کرنا ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہر شعبہ میں نوجوانوں کو اسی طرح اپنی صلاحیتیں آزمانے کا موقع فراہم کرنے کیساتھ ان کی حوصلہ افزائی بھی کرتے رہیں گے۔