اسٹرابیری قوتِ مدافعت کا خاص ذریعہ

سُرخ اور مزیدار پھل اسٹرابیری قوتِ مدافعت کا خاص ذریعہ

بیریز کو سُپر فوڈز کہا جاتا ہے کیونکہ یہ دکھنے میں جتنی چھوٹی ہوتی ہیں تو وہیں ان میں لاتعداد فوائد بھی چُھپے ہوتے ہیں، سُپر فوڈز بیریز میں سے ایک اسٹرابیری ہے جس میں صحت کو فروغ دینے والے ضروری غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔ 

سُرخ رنگ کے دل کی شکل اور سر پر سبز پتوں کا تاج رکھنے والا یہ پھل وٹامن، فائبر، زیرو کولیسٹرول اور اینٹی آکسیڈینٹس سے بھرپور ہے جبکہ یہ پوٹاشیم اور میگنیشیم کا بھی ایک اچھا ذریعہ ہے۔ 

اس کے علاوہ اسٹرابیری وٹامن سی کے بہترین ذرائع میں سے ایک ہے جو ہماری قوت مدافعت بڑھانے کے لیے بہت اہم ہے اور کہا جاتا ہے کہ اسٹرابیری میں سنترے کے مقابلے میں وٹامن سی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔

آئیے اسٹرابیری کے صحت سے متعلق حیرت انگیز فوائد پر نظر ڈالیں:

اسٹرابیری کے کرشماتی فوائد:

سُرخ اور مزیدار پھل اسٹرابیری قوتِ مدافعت کا خاص ذریعہ

قوتِ مدافعت بڑھاتی ہے:

اسٹرابیری وٹامن سی کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے، یہ قوت مدافعت کو بڑھانے میں مدد کرتی ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ اگر آپ روزانہ ایک کپ اسٹرابیری کھائیں تو اس سے آپ کی قوت مدافعت بھی بڑھے گی اور آپ کی مجموعی صحت بھی بہتر ہوگی۔

ہائی بلڈ پریشر کو کم کرتی ہے:

اسٹرابیری میں پایا جانے والا پوٹاشیم ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد کے لیے جانا جاتا ہے، اس سے ہمارے جسم میں سوڈیم کی زائد مقدار کم ہوتی ہے  جس کے نتیجے میں ہائی بلڈپریشر کی سطح کم ہوجاتی ہے۔

جوڑوں کے درد میں مفید:

ان لوگوں کے لیے جو جوڑوں کے درد کا شکار ہیں اسٹرابیری کھانے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اسٹرابیری میں موجود اینٹی آکسیڈینٹ اور فائٹو کیمیکل جوڑوں کی سوزش کو کم کرنے کو یقینی بناتے ہیں۔

امراض قلب اور کولیسٹرول کے مریضوں کیلئے مفید:

اسٹرابیری میں پائے جانے والے ایلیجک ایسڈ اور فلیونوائڈز ایسا اینٹی آکسیڈنٹ اثر فراہم کرتے ہیں جو دل کی صحت کو بہتر بناتا ہے اور خون میں موجود خراب کولیسٹرول کو ختم کرتا ہے، ایک کینیڈین تحقیق کے مطابق اسٹرابیری کا غذا میں استعمال امراض قلب اور ذیابطیس سے تحفظ دیتا ہے۔

جِلد کو نکھارتی ہے:

اسٹرابیری میں موجود وٹامن سی کولاجن کو بڑھانے کے لیے بھی اہم ہے۔ کولاجن جِلد کی لچک اور نرمی کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ وٹامن سی کے ساتھ ساتھ اسٹرابیری میں موجود ایلیجک ایسڈ جھریوں کو روکتا ہے۔ اسٹرابیری کا استعمال رنگت میں نکھار لانے کے علاوہ ایکنی اور چھائیوں کو دور کرکے چہرہ خوبصورت بناتا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں