تشدد پسندانہ عناصر کیلئے قطعی تحمل کا مظاہرہ نہیں کیاجائے گا: عسکری قیادت

راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) عسکری قیادت نے سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کی جانب سے مبینہ توہین مذہب کا الزام لگا کر قتل کیے جانے والے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تشدد پسندانہ اور دہشت گردانہ عناصر کے لیے قطعی تحمل کا مظاہرہ نہیں کیاجائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران عالمی اور خطے کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران افواج کی تربیتی اور پیشہ وارانہ امور پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار نے کسی بھی خطرے سے بچاؤ کے لیے مسلح افواج کو ہر وقت چوکس رہنے کا حکم دیا۔

کور کمانڈرز اجلاس کے دوران افغانستان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہمسایہ ملک کی مسلسل حمایت اور بروقت عالمی انسانی امداد نہ صرف دوست ملک کے امن اور خوشحالی بلکہ خطے کے استحکام کیلئے ضروری ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فوج میں جاری تربیتی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی پر منحصر مستقبل کی جنگوں کے لیے تیار رہنا از حد ضروری ہے۔

اجلاس کے دوران عسکری قیادت نے سیالکوٹ میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کا نوٹس لیا گیا اور عزم دہرایا گیا کہ تشدد پسندانہ اور دہشت گردانہ عناصر کے لیے قطعی تحمل کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا،

اپنا تبصرہ بھیجیں