دہی خریدنے کے لیے ڈرائیور نے ٹرین روک دی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرین ڈرائیور کا اسسٹنٹ بازار سے تھیلے میں دہی خرید کر واپس ٹرین میں سوار ہو رہا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس واقعے کے نتیجے میں رانا محمد شہزاد نامی ڈرائیور اور اس کے اسسٹنٹ افتخار حسین کو معطل کر دیا گیا ہے۔

رواں ہفتے کے آغاز میں پیش آنے والے اس غیر معمولی واقعے نے پاکستان میں ریلوے کے حفاظتی ضوابط پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

پاکستان میں اکثر غفلت اور بدانتظامی کو ملک میں پیش آنے والے ٹرین حادثات کی وجہ بتایا جاتا ہے۔
پاکستان وزارت ریلوے کے ترجمان نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا، ”جب آپ ٹرین کو (پٹریوں کے بیچ) روک دیتے ہیں تو یہ حفاظتی مسئلہ بن جاتا ہے۔

حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم ایسی کسی بھی چیز کو برداشت نہیں کر سکتے، جس سے حفاظت پر سمجھوتہ ہو۔

‘‘
اطلاعات کے مطابق اس مسافر بردار ٹرین نے لاہور سے اپنا سفر شروع کیا تھا اور کراچی کی جانب روانہ تھی۔

دریں اثناء پاکستان کے وزیر مملکت برائے ریلوے اعظم خان سواتی نے خبردار کیا کہ وہ ”کسی کو بھی قومی اثاثے نجی استعمال کے لیے اجازت نہیں دیں گے۔‘‘

رواں برس جون میں پاکستانی صوبہ سندھ کے شہر گھوٹکی میں سرسید ایکسپریس اور ملت ایکسپریس ٹرینوں کے درمیان ہونے والے حادثے میں ساٹھ سے زائد افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں