ڈھاکا ٹیسٹ:بنگلا دیش کو اننگز اور 8رنز سے شکست،پاکستان کا سیریز میں وائٹ واش

ڈھاکا:(سپورٹس ڈیسک)ساجد خان کی 12وکٹوں کی بدولت پاکستان نے بنگلا دیش کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 8رنز سے شکست دیکر دومیچوں کی سیریز میں وائٹ واش کرلیا ہے۔

ڈھاکا کے شیر بنگلہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ساجد خان کی شاندار باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے میزبان ٹیم کو ہراکر میچ اور سیریز اپنے نام کرلی ہے۔پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے میچ میں 12وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستانی بیٹر عابد علی کو سیریز اور ساجد خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں بنگلا دیش کا دوسری اننگز میں ٹاپ آرڈر فلاپ ہو گیا۔ اوپنرز شادمان اسلام اور محمود الحسن نے دوسری اننگز کا آغاز کیا ہی تھا کہ حسن علی نے محض 6 سکور پر محمود الحسن کو بولڈ کر دیا۔ ان کے بعد 2 رنز بنانے والے شادمان بھی پویلین لوٹ گئے، نجم الحسن 6 اور مومن الحق 7 رنز بنا سکے۔ لٹن داس نے آ کر ٹیم کو سنبھالا دیا اور 7 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے، انہیں ساجد خان نے آوٹ کیا۔ مشفق الرحمن ففٹی بناتے بناتے رہ گئے، 48 رنز پر رن آوٹ ہوگئے۔ شکیب الحسن نے پاکستانی باولرز کو ٹف ٹائم دیا تاہم انہیں 63 رنز پر ساجد خان نے شکار کیا، مہدی حسن 14 رنز بنا سکے ۔

فالو آن کی شکار بنگلا ٹیم نے قبل ازیں آج پہلی اننگز کا سلسلہ 7وکٹوں کے نقصان پر 76رنز سے جوڑا تو پاکستانی باولرز نے حریف بلے بازوں کو ٹکنے نہ دیا، تیج الاسلام کو صفر سکور پر ساجد خان نے پویلین کی راہ دکھا دی۔ ان کے بعد خالد احمد آئے، انہیں شاہین آفریدی نے شکار کیا۔ سب سے زیادہ 33 رنز بنانے والے شکیب الحسن کو بھی ساجد خان نے چلتا کیا۔ یوں ساری ٹیم 87 کے مجموعے پر آوٹ ہو گئی۔ ساجد خان نے 8 مخالف بلے بازوں کو آؤٹ کر کے بنگلا دیش کو فالو آن کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ میزبان ٹیم کے 9 بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

واضح رہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 300رنز پر ڈیکلیئر کردی تھی۔

بابر اعظم

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوپنرزنے بہت اچھا سٹارٹ دیا،ساجد نے اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا،دودن بارش کی وجہ سے پچ کافی مشکل لگ رہی تھی،آج کی جیت پوری ٹیم کی مشترکہ کوشش ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں