لاہور:(نیوز ڈیسک)سپورٹس ٹی وی اینکر ڈاکٹر نعمان نیاز کے والد انتقال کرگئے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈاکٹر نعمان نیاز نے اپنے والد کی وفات کی خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میرے والد لیفٹیننٹ جنرل حامد نیاز 19ویں پی ایم اے لانگ کورس کا انتقال ہو گیا ہے۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں والد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ناصرف ایک شفیق باپ تھے بلکہ دیانتداری کے معاملے میں بھی ایک اعلیٰ ترین انسان تھے۔ میں ان کے بغیر کچھ بھی نہیں ہوں۔ میں یقین نہیں کر پا رہا کہ وہ ہمیں چھوڑ کر جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز ایک ٹویٹ میں ڈاکٹر نعمان نیاز نے بتایا تھا کہ میں اس وقت ہیتھرو ایئرپورٹ پر بیٹھا گھر واپسی کا بے صبری سے انتظار کر رہا ہوں۔ میرے والد، میرے خیر خواہ، دوست اور وہ جس نے مجھے زندگی میں ہر حال میں سپورٹ کیا، اس وقت زندگی اور موت کی کشمش میں مبتلا ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں مضبوط نہیں بلکہ ایک بہت ہی کمزور گمراہ انسان ہوں۔ بھلے مجھ سے نفرت کریں لیکن میں آپ کی دعاؤں کا طلب گار ہوں۔ میرے والد ایک معصوم آدمی ہیں۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر نعمان نیاز اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کے مابین سرکاری ٹی وی چینل پر پروگرام کے دوران تلخ کلامی ہوگئی تھی جس کے بعد دونوں کو آف ایئر کردیا گیا تھا جبکہ بعدازاں ڈاکٹر نعمان نیاز نے شعیب اختر سے معذرت کرلی تھی۔