بے نظیر بھٹو شہید ٹینس چیمپین شپ 13 دسمبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگی

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) بے نظیر بھٹو شہید ٹینس چیمپین شپ 13 دسمبر سے اسلام آباد ٹینس کمپلیکس، اسلام آباد میں شروع ہوگی۔ گذشتہ روز چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی سینیٹر تاج حیدر نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایاکہ چیمپئن شپ کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں اور چیمپئین شپ میں ملک بھر سے دو سو کے قریب مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے اور ٹورنامنٹ میں ںشرکت کے لئے ابھی تک کھلاڑیوں کی رجسٹریشن جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ چیمپئن شپ میں دس کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں مینز سنگلز اینڈ ڈبلز، 60 پلس ڈبلز، 44 پلس ڈبلز، لیڈیز سنگلز،گرلز انڈر-18،بوائز انڈر-14، بوائز اینڈ گرلز انڈر-12، بوائز اینڈ گرلز انڈر-10 اور خصوصی بچوں کی کیٹیگری کے مقابلے بھی شامل ہے۔تاج حیدر نے کہاکہ کامران خلیل کو ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے جبکہ شہزاد علوی ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔ چیف آرگنائزر و سابق ڈیوس کپ کوچ فضل سبحان نے بتایا کہ کوارٹر فائنل مراحلہ 17 دسمبر سے شروع ہو گا جبکہ 18 دسمبر کو سیمی فائنل اور 19 دسمبر کو فائنل مقابلے منعقد ہونگے۔ چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں